مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے ایران کے خلاف جاری معاشی دباؤ کی مہم نے ایسے نتائج حاصل کیے ہیں جن کے باعث ٹرمپ انتظامیہ کو بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی ضرورت پیش نہ آنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایران کے حملوں میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو نقصان پہنچنے کے بعد امریکہ نے اپنے بعض فوجی سازوسامان اور اثاثے مقبوضہ فلسطین منتقل کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ، اسرائیل کی میزائل دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے ایک اور پیٹریاٹ دفاعی نظام بھی فراہم کیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے مزید امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ نے اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران ایران کے خلاف حملے دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران سے نمٹنے کے طریقہ کار پر واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ معاشی دباؤ جاری رکھنے اور مختلف آپشنز کا جائزہ لینے پر زور دے رہی ہے، جبکہ اسرائیلی حکام فوجی حملوں کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ